لاہور : دو سگے بھائی بحفاظت بازیاب،والدین کے حوالے

 دونوں بچے گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے ، راستہ بھٹک جانے کے باعث لاپتہ ہو گئے تھے
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور میں شفیق آباد کے علاقے سے دو سگے بھائیوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بچوں کو بحفاظت تلاش کر لیا۔ ایس پی سٹی عاطف امیر کی ہدایت پر خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بچوں کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن شروع کیاپولیس کے مطابق دونوں بچے گھر سے کھیلنے کے لیے نکلے تھے اور راستہ بھٹک جانے کے باعث لاپتہ ہو گئے۔ شفیق آباد پولیس نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بچوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور انہیں ایک سوئمنگ پول کے قریب سے بحفاظت بازیاب کر لیااے ایس آئی طارق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے دونوں بچوں کو تلاش کیا، جس کے بعد انہیں والدین کے حوالے کر دیا گیا۔ بچوں کے بحفاظت ملنے پر والد نے شفیق آباد پولیس کا شکریہ ادا کیا جبکہ ایس پی سٹی عاطف امیر نے پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا