اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں شیڈول

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے، اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں شیڈول

اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس پاکستان پہنچ گئے، جہاں وہ اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ پاک بھارت جنگ بندی کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کریں گے۔

انتونیو گوتریس نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر اسلام آباد پہنچے، جہاں قائم مقام سیکریٹری خارجہ نبیل منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اپنے دورے کے دوران صدر مملکت، وزیراعظم، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سے ملاقاتیں کریں گے۔ ان کے شیڈول میں پاک بھارت یواین فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی شامل ہے۔انتونیو گوتریس این ڈی ایم اے میں بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے، جہاں پاکستان کی عالمی امن و سلامتی، انسانی امداد اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی کوششوں کو اجاگر کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا دورہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ دورے کے دوران عالمی امن اور پائیدار ترقی کے لیے انتونیو گوتریس کی قیادت اور خدمات کا اعتراف بھی کیا جائے گا۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتریس کا دورہ اقوام متحدہ کے کثیرالجہتی نظام کے لیے پاکستان کی مضبوط حمایت کی عکاسی کرتا ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی وابستگی کا اعادہ کیا ہے۔