اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کل (منگل) کو پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ وہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی دعوت پر پاکستان پہنچیں گے۔
دورے کے دوران انتونیو گوتریس صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر سمیت دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بھارت و پاکستان میں اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے، جبکہ وہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی بریفنگ میں بھی شرکت کریں گے۔انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان اور اقوام متحدہ کے درمیان دیرینہ تعاون کے اعادے اور علاقائی و عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا اہم موقع فراہم کرے گا۔ اس موقع پر عالمی امن و ترقی کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی قیادت اور اہم خدمات کا بھی اعتراف کیا جائے گا۔پاکستان نے کہا ہے کہ سیکریٹری جنرل کا دورہ اقوام متحدہ کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا عکاس ہے۔ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں سے اپنی دیرینہ وابستگی کا بھی اعادہ کرتا ہے۔