ویب ڈیسک: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے غیر ملکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارت پر ریاستی دہشتگردی کی سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت منظم منصوبہ بندی کے تحت پاکستان، خصوصاً بلوچستان میں دہشتگرد کارروائیوں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ بھارت نے ریاستی سرپرستی میں دہشتگردی کو پاکستان کے خلاف بطور پالیسی اپنا رکھا ہے، جبکہ بھارتی سیاسی قیادت متعدد بار پاکستان میں دہشتگردی کی حمایت کا اعتراف کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجیت دوول اس نیٹ ورک کا ماسٹر مائنڈ ہے، اور امریکا، کینیڈا سمیت کئی ممالک بھارتی دہشتگردی کے اقدامات کو تسلیم کر چکے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار اور اعلان شدہ ایٹمی طاقت ہے، جس کی جوہری صلاحیت ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کے ایٹمی اثاثے مکمل طور پر محفوظ ہیں اور ان پر کوئی بھی حملہ کرنے کی جرات نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام میں جہاد یا قتال کا اختیار صرف ریاست کو حاصل ہے، کسی فرد، گروہ یا تنظیم کو یہ اختیار نہیں۔ فتنہ الخوارج کا اسلام، انسانیت یا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ اسی طرح “فتنہ الہندوستان” کی اصطلاح ان دہشتگرد عناصر کے لیے استعمال ہو رہی ہے جو بھارت کی پشت پناہی سے بلوچستان سمیت دیگر علاقوں میں پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے ایران کے لیے پاکستان کی سیاسی اور سفارتی حمایت کے عزم کا بھی اعادہ کیا اور علاقائی استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔