ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس ٹریننگ اسکول پر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے دہشتگردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 6 پولیس اہلکار اور ایک امام مسجد شہید ہو گئے، جبکہ آپریشن کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حملہ 10 اور 11 اکتوبر کی درمیانی شب ہوا۔ دہشتگردوں نے اسکول کی بیرونی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی اور بارود سے بھری گاڑی اسکول کے مرکزی دروازے سے ٹکرائی۔شدید فائرنگ کے تبادلے میں 6 بہادر پولیس اہلکار شہید ہوئے، جن میں تربیت حاصل کرنے والے جوان بھی شامل تھے۔ حملے کے دوران 12 پولیس اہلکار اور ایک بے گناہ شہری زخمی بھی ہوا۔ دہشتگردوں نے اسکول کی مسجد پر بھی حملہ کیا اور امام مسجد کو شہید کر دیا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشتگردوں میں سے تین کو پولیس نے موقع پر ہلاک کیا، جبکہ دو دیگر دہشتگردوں کو عمارت میں گھیر کر آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔ علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔