ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کراچی میں نیوی کیڈٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عالمی سطح پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان کی تیاری پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید ہتھیاروں اور ٹیکنالوجی کے استعمال کی تربیت ضروری ہے تاکہ ہم خطے میں طاقت کے توازن کو مستحکم رکھ سکیں۔انہوں نے عالمی برادری سے درخواست کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل میں کردار ادا کرے اور بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرے۔ ایئر چیف نے غزہ میں انسانی حقوق کی پامالی پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ایئر چیف مارشل سدھو نے پاکستان نیول اکیڈمی کو دنیا کے بہترین اداروں میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نیوی سمندری حدود کی حفاظت میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی معیشت مضبوط ہو رہی ہے، جو دفاعی طاقت کی بنیاد بنے گی۔
تقریب میں 79 افسران نے کمیشن حاصل کیا، جن میں 50 مڈ شپ مین اور 29 ایس ایس سی کورس افسران شامل ہیں۔ کمانڈنٹ وجاہت جاوید نے پاس آؤٹ ہونے والے کیڈٹس سے حلف لیا اور انہیں پاکستان کی خدمت کرنے کی قسم دلائی۔