نالہ کورنگ میں طغیانی کے دوران 6 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، آئی جی اسلام آباد کا انعامات کا اعلان

 نالہ کورنگ میں طغیانی کے دوران 6 افراد کو ریسکیو کر لیا گیا، آئی جی اسلام آباد کا انعامات کا اعلان

اسلام آباد: شہزاد ٹاؤن کے علاقے میں نالہ کورنگ میں طغیانی کے باعث پانی گھروں میں داخل ہو گیا، جہاں ایک خاتون، دو مردوں اور تین کمسن بچوں سمیت چھ افراد گھر میں محصور ہو گئے۔

 اسلام آباد پولیس کے غوطہ خوروں اور شہزاد ٹاؤن پولیس ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔پولیس کے مطابق ریسکیو 15 پر اطلاع موصول ہونے کے فوراً بعد اسلام آباد پولیس کی ریسکیو ٹیمیں، غوطہ خور اور مقامی تھانے کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور مربوط حکمت عملی کے تحت ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ترجمان پولیس کے مطابق متاثرہ گھر میں پانی اچانک داخل ہو گیا تھا جس کے باعث اہل خانہ گھبراہٹ کا شکار ہو گئے اور فوری مدد کے لیے کال کی۔ ٹیموں نے مشکل حالات کے باوجود بھرپور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام متاثرین کو بروقت نکال لیا۔

آئی جی اسلام آباد کی ٹیم کو شاباش، انعامات کا اعلان
آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے واقعے پر فوری ردعمل دینے اور شہریوں کی جانیں بچانے پر پولیس اہلکاروں اور غوطہ خور ٹیم کو شاباش دی اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے خصوصی انعامات دینے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ہر ایمرجنسی صورتحال میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے، اور اس جذبے کو مزید تقویت دی جائے گی۔پولیس حکام کے مطابق شہر میں جاری بارشوں اور نالوں میں طغیانی کی صورتحال کے پیش نظر تمام ریسکیو ٹیموں کو الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں عمل میں لائی جا سکیں۔