ویب ڈیسک: اسلام آباد میں مارگلہ کی پہاڑیوں سے نکلنے والے نالوں میں طغیانی کے سبب چک شہزاد اور پارک روڈ کے علاقوں میں برساتی نالوں کا بہاؤ خطرناک حد تک بڑھ گیا ہے، جس کی وجہ سے نشیبی علاقے شدید خطرات سے دوچار ہیں۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ انہوں نے انتظامیہ کو متعدد بار آگاہ کیا ہے، لیکن اب تک کوئی ٹیم نہیں پہنچی۔دوسری جانب، آج موسلادھار بارش کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور اور سیالکوٹ کے نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ بارش کے سبب دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، مری، گلیات اور کشمیر کے برساتھی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق، موسلادھار بارش کے نتیجے میں خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، کشمیر، مری اور گلیات میں لینڈسلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ ڈویژن کے مطابق، دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے، جبکہ باقی دریا اپنی ہیڈ ورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔ مختلف شہروں میں موسلادھار بارش اور نالوں میں طغیانی کے باعث نشیبی علاقوں میں سیلابی صورت حال کا خدشہ برقرار ہے، جس سے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔