وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں وقفے وقفے سے موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سیدپور ویلج کے برساتی نالے بپھر گئے اور پانی کے تیز بہاؤ میں گاڑیاں بھی بہنے لگیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق برساتی نالوں کا پانی پلوں کے اوپر سے گزرنے لگا ہے، جس کے باعث شہریوں کو آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی دونوں شہروں میں کئی علاقوں میں نشیبی مقامات زیر آب آ چکے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران مزید شدید بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ ادارے کے مطابق پوٹھوہار ریجن میں 50 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے، جس سے مزید ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور ندی نالوں یا پانی کے بہاؤ والے علاقوں کے قریب جانے سے اجتناب برتیں۔