حیدرآباد ہائیکورٹ بار کا وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کو خطاب کی اجازت دینے سے انکار

حیدرآباد ہائیکورٹ بار کا وزیراعلیٰ کے پی کے سہیل آفریدی کو خطاب کی اجازت دینے سے انکار

حیدرآباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو بار سے خطاب کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔

 اس حوالے سے بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ عشرت لوہار کی جانب سے باضابطہ لیٹر جاری کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی سہیل آفریدی کل حیدرآباد پہنچیں گے، جہاں وہ مختلف تقریبات میں شرکت اور ایک ریلی کی قیادت بھی کریں گے۔ تاہم حیدرآباد ہائیکورٹ بار میں خطاب کے حوالے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بعد یہ پروگرام منسوخ کردیا گیا ہے۔صدر بار ایسوسی ایشن کے جاری کردہ لیٹر کے متن کے مطابق بار کے 11 اراکین نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خطاب کی اجازت دینے کی مخالفت کی، جبکہ صرف ایک رکن نے ان کے حق میں رائے دی۔ اس بنیاد پر بار ایسوسی ایشن نے متفقہ طور پر اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا۔لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ حیدرآباد ہائیکورٹ بار کے جنرل سیکرٹری نے ذاتی حیثیت میں وزیراعلیٰ کے پی کے لیے خطاب کی اجازت کا لیٹر جاری کیا تھا، جو بار کی اجتماعی رائے اور قواعد کے مطابق نہیں تھا۔

 بار صدر کے مطابق جنرل سیکرٹری کو اس ضمن میں اختیار حاصل نہیں تھا۔بار ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ہائیکورٹ بار ایک غیرسیاسی ادارہ ہے اور کسی بھی سیاسی یا انتظامی عہدے دار کو خطاب کی اجازت دینے کے لیے باقاعدہ منظوری ضروری ہوتی ہے۔ اسی اصول کے تحت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو خطاب کی اجازت دینے سے انکار کیا گیا ہے۔بار ذرائع کے مطابق اس فیصلے سے بار کی خودمختاری اور غیرجانبدارانہ حیثیت کو برقرار رکھنے کا پیغام دیا گیا ہے، جبکہ آئندہ بھی اسی پالیسی پر عمل جاری رکھا جائے گا۔