راولپنڈی میں انسداد دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان قید تنہائی میں ہیں اور انہیں نہیں معلوم کہ ان کی صحت یا حالات کیا ہیں۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات پر عمل درآمد نہیں ہو رہا اور ان کے پاس کوئی فورم نہیں ہے جہاں وہ اپنا کیس پیش کر سکیں۔ علیمہ خان نے یہ بھی کہا کہ بشریٰ بی بی اور عمران خان کا کیس جان بوجھ کر نہیں لگایا جا رہا تاکہ ان کی ضمانت نہ ہو سکے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے وارنٹ پرسوں جاری کیے گئے تھے، لیکن جج صاحب چھٹی پر چلے گئے۔ انہوں نے پیر تک سماعت کے لیے مہلت مانگی تھی، مگر ان کی درخواست پر کوئی توجہ نہیں دی گئی اور آج بھی عدالت میں سماعت ملتوی کردی گئی۔علیمہ خان نے سندھ حکومت کی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت نے راستے نہیں روکے اور وہ سمجھدار ثابت ہوئی، جبکہ پنجاب میں عوامی مینڈیٹ والی حکومت نہ ہونے کی وجہ سے راستے روکے جا رہے ہیں۔