بانیٔ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ انہیں عمران خان کی کسی قسم کی ٹریٹمنٹ نہیں بلکہ رہائی درکار ہے۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے پی ٹی آئی سینیٹر مشال یوسفزئی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مشال یوسفزئی جن ہدایات پر جھوٹ بولتی ہیں، وہ اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہیں، تاہم مجھے نہیں لگتا کہ مشال یوسفزئی بانی پی ٹی آئی کی خیر خواہ ہیں۔علیمہ خان کا کہنا تھا کہ مشال یوسفزئی اور شیر افضل مروت کو علیمہ خان کے خلاف ٹارگٹ دیا گیا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ عمران خان نے جیل میں کہا تھا کہ جا کر انہیں بتا دو، استعمال کرنے کے بعد انہیں کرش کر دیا جائے گا۔بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ انہیں عمران خان کی میڈیکل رپورٹ کے بارے میں گزشتہ منگل کو اڈیالہ جیل آ کر علم ہوا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ خبر کیسے لیک ہوئی اور کس نے لیک کی؟ ان کا کہنا تھا کہ یہ خبر توجہ ہٹانے کے لیے جان بوجھ کر لیک کی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں علیمہ خان نے کہا کہ سہیل آفریدی نے جمعرات کو دھرنے کا فیصلہ کیا تھا، میں نے کسی کو کوئی ہدایات نہیں دی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے پروگرام سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی گئی۔علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم دباؤ نہیں ڈالیں گے تو یہ ہمارے ساتھ یہی سلوک کرتے رہیں گے۔ ہمیں بانی پی ٹی آئی کی ٹریٹمنٹ نہیں بلکہ رہائی چاہیے۔ ان کے بقول، یہ لوگ خوفزدہ ہیں، اسی لیے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔