سندھ میں سیلاب متاثرین کیلیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی، شرجیل انعام میمن

سندھ میں سیلاب متاثرین کیلیے 10 لاکھ گھروں کی تعمیر مکمل ہوگئی، شرجیل انعام میمن

کراچی: سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے دعویٰ کیا ہے کہ سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز (ایس پی ایچ ایف) منصوبے کے تحت صوبے کے 24 اضلاع میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ سے زائد مکانات تعمیر کیے جا چکے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں کی مستقل بحالی کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی اولین ترجیح 2022 کے تباہ کن سیلاب سے بے گھر ہونے والے خاندانوں کو محفوظ اور مستقل رہائش فراہم کرنا ہے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر سیلاب متاثرین کی بحالی کے عمل کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں لاکھوں مکانات تعمیر کیے گئے ہیں، جن میں ضلع خیرپور سرفہرست ہے، جہاں اب تک ایک لاکھ 67 ہزار 379 مکانات کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔سینئر صوبائی وزیر کے مطابق منصوبے کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ سیلاب متاثرہ خواتین کو نئے تعمیر ہونے والے گھروں کے مالکانہ حقوق دیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے نام پر گھروں کی ملکیت منتقل کرنے کا اقدام ان کے معاشی تحفظ، خودمختاری اور سماجی استحکام کے لیے اہم ہے۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ہاؤسنگ منصوبے سے نہ صرف متاثرہ خاندانوں کو مستقل چھت میسر آ رہی ہے بلکہ مقامی سطح پر روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔ مکانات کی تعمیر کے دوران مزدوروں، مستریوں اور دیگر ہنرمند افراد کو کام ملا، جس سے بالخصوص دیہی علاقوں کی معیشت کو بھی سہارا مل رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جدید نظام کے تحت نگرانی کر رہی ہے کہ مستحق خاندانوں کی درست نشاندہی ہو اور تعمیر ہونے والے مکانات کا معیار برقرار رہے۔ کسی بھی مستحق سیلاب متاثرہ خاندان کو گھر کی سہولت سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔