پنجاب حکومت نے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے لیے نیا جامع انسپکشن نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے نظام کے تحت مختلف ادارے مشترکہ طور پر اسکولوں اور کالجز کی نگرانی کریں گے تاکہ تعلیمی معیار، سہولیات اور انتظامی کارکردگی کی شفاف جانچ ممکن ہو سکے۔انسپکشن میں تعلیمی اداروں کی صفائی، مجموعی ماحول، اساتذہ و عملے کی حاضری، تدریسی مواد، بجلی، صاف پانی، ٹوائلٹ سہولیات اور باؤنڈری وال کے معائنے کو لازمی جزو قرار دیا گیا ہے۔نئے نظام میں سی ایم آئی ٹی، سپیشل برانچ اور سی ایف ایم پی شامل ہوں گے، جبکہ الیکٹرانک، پرنٹ اور سوشل میڈیا رپورٹس کو بھی نگرانی میں شامل کیا جائے گا۔ آن گراؤنڈ ٹیموں کو ضلع اور تحصیل کی سطح پر نمبر تفویض کیے جائیں گے، اور سی ایم آئی ٹی ٹیم کی علیحدہ مارکنگ کی جائے گی۔پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام سے تعلیمی اداروں کی کارکردگی شفاف انداز میں جانچی جائے گی اور غفلت یا کوتاہی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔