ٹک ٹاک 13 سال سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کی سخت نگرانی متعارف کرائے گا

ٹک ٹاک 13 سال سے کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کی سخت نگرانی متعارف کرائے گا

ٹک ٹاک نے یورپ میں 13 سال سے کم عمر بچوں کے اکاؤنٹس کی بہتر شناخت کے لیے نئی عمر جانچ ٹیکنالوجی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔

 رائٹرز کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ نظام ایک سالہ پائلٹ پروگرام کے بعد تیار کیا گیا ہے۔نئے نظام کے تحت صارفین کی پروفائل معلومات، اپ لوڈ کی گئی ویڈیوز اور رویّوں کے نمونوں کا تجزیہ کیا جائے گا تاکہ کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس کی نشاندہی مؤثر انداز میں کی جا سکے۔ ٹک ٹاک نے واضح کیا ہے کہ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے شناخت ہونے والے اکاؤنٹس کو فوری طور پر خودکار طور پر بند نہیں کیا جائے گا بلکہ ماہر موڈریٹرز ان کا باقاعدہ جائزہ لیں گے۔کمپنی کے مطابق یہ ٹیکنالوجی یورپ میں صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ اور مقامی قوانین کی مکمل پابندی کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کی گئی ہے۔ یورپی حکام نے سوشل میڈیا کمپنیوں پر زور دیا ہے کہ وہ عمر کی تصدیق کے مؤثر اور محفوظ طریقے اپنائیں، کیونکہ موجودہ طریقۂ کار بعض اوقات ناکافی یا صارفین کی ذاتی معلومات پر حد سے زیادہ انحصار کرتا ہے۔

اپیل کی صورت میں ٹک ٹاک ’یوٹی‘ نامی ادارے کی فیشل ایج ایسٹیمیشن ٹیکنالوجی استعمال کرے گا، جس کے ساتھ کریڈٹ کارڈ کی تصدیق اور سرکاری شناختی دستاویزات کی جانچ بھی کی جا سکتی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نظام خاص طور پر یورپی قوانین کے مطابق تیار کیا گیا ہے اور صارفین کو اس کے نفاذ سے قبل آگاہ کیا جائے گا۔ٹک ٹاک کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بچوں کی آن لائن حفاظت کو مزید بہتر بنانا اور یورپی قوانین کی تعمیل کو یقینی بنانا ہے، کیونکہ فی الوقت دنیا میں ایسا کوئی طریقہ موجود نہیں جو عمر کی تصدیق کے ساتھ مکمل پرائیویسی تحفظ فراہم کر سکے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل برطانیہ میں پائلٹ پروگرام کے دوران ہزاروں ایسے اکاؤنٹس بند کیے گئے تھے جو 13 سال سے کم عمر بچوں کے تھے، جبکہ آسٹریلیا اور ڈنمارک جیسے ممالک بھی بچوں کے لیے سوشل میڈیا استعمال پر عمر کی مخصوص حدیں مقرر کر چکے ہیں۔