پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کیلئے جامع ترقیاتی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان، مریم اورنگزیب

پنجاب میں ماحولیاتی بہتری کیلئے جامع ترقیاتی پروگرام متعارف کرانے کا اعلان، مریم اورنگزیب

ماحولیات کے عالمی دن کے موقع پر سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز سے نمٹنے کیلئے حکومت پنجاب نے 100 ارب روپے مختص کیے ہیں، اور مختلف شعبوں میں مؤثر اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر کے لیے ایک جامع ترقیاتی پروگرام ترتیب دیا جا رہا ہے۔ کسانوں کے لیے "سپر سیڈر" پروگرام شروع کیا گیا ہے جس کے تحت اب تک 3 ہزار سے زائد سپر سیڈر مشینیں کسانوں کو فراہم کی جا چکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑے شہروں میں ای-بس منصوبے کے ذریعے ماحول دوست پبلک ٹرانسپورٹ فراہم کی جا رہی ہے، جو ماحولیاتی بہتری کا ذریعہ بنے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ زراعت اور تعمیراتی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی متعارف کروائی جا رہی ہے تاکہ فضائی آلودگی میں واضح کمی لائی جا سکے۔ "پلانٹ فار پاکستان" کے تحت شجرکاری مہم جاری ہے، جبکہ ایئر کوالٹی انڈیکس کی مؤثر مانیٹرنگ کے لیے 50 ایئر مانیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، جن کی تعداد 100 تک بڑھائی جائے گی۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ محکمہ ماحولیات پہلے کسی فعال سیکرٹری یا مکمل ڈھانچے کے بغیر کام کر رہا تھا، لیکن اب ادارے کو ہیومن ریسورس، ایڈمنسٹریٹرز اور فنڈز فراہم کر کے فعال بنایا گیا ہے۔ "انوائرنمنٹل فورس" کو ضروری آلات سے لیس کیا گیا ہے تاکہ آلودگی کے خلاف مؤثر کارروائی ممکن ہو۔

مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پانی کے بحران سے نمٹنے کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور شہریوں کو بھی پانی کے استعمال میں ذمہ داری دکھانی ہوگی۔ "ہم نے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل کر دیا ہے جس سے کرپشن کا خاتمہ ہوا ہے، حکومت اپنا کردار ادا کر رہی ہے، شہری بھی اپنے حصے کا فرض نبھائیں۔"

ان کا کہنا تھا کہ ہر چھوٹے بڑے ادارے کو ماحولیاتی تحفظ کی مہم میں شامل ہونا ہوگا، تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک بہتر اور محفوظ فطری ماحول فراہم کیا جا سکے۔