لاہور پولیس نے بسنت کے پرامن اور قانونی انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں سکیورٹی اور مانیٹرنگ کے جامع انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
پتنگ بازی پر کڑی نظر رکھنے کے لیے جدید آلات اور اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔پولیس حکام کے مطابق بسنت میں مانیٹرنگ مزید مؤثر بنانے کے لیے 70 تھرمل ڈرونز، 150 دوربینز، 100 میگا فونز، سرچ لائٹس اور سیڑھیاں فراہم کر دی گئی ہیں۔ ریڈ اور گرین زونز میں تعینات تمام پولیس ٹیموں کو ہر ایک کے لیے ایک دوربین دی گئی ہے تاکہ ڈور پتنگ اور چھتوں پر ہونے والی سرگرمیوں کی نگرانی کی جا سکے۔میگا فونز کے ذریعے شہریوں کو مسلسل آگاہی پیغامات دیے جائیں گے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی سے بروقت روکا جا سکے۔ تین روزہ بسنت کے دوران 10 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تین شفٹوں میں اپنی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق بسنت کی رات 12 بجے سے شروعات ہو سکتی ہے، اور عوام کو حفاظت کے ساتھ پتنگ بازی کرنے کی اجازت ہوگی۔ لاہور پولیس نے مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم بھی قائم کر دیا ہے، جبکہ ائیرپورٹ کے اطراف کے علاقوں میں پتنگ بازی ممنوع قرار دی گئی ہے۔یہ تمام اقدامات شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور بسنت کے محفوظ، خوشگوار اور قانون کے مطابق منانے کے لیے کیے گئے ہیں۔