سمندر کے راستے ایران جانے کی کوشش ، 24 افراد گرفتار

 12 گوجرانوالہ، 3 راجن پور، 2 مظفر گڑھ ، 7 افراد کا تعلق سرگودھا، قصور سے ہے
سیالکوٹ سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ، گوجرانوالہ کے 2 افراد گرفتار
کوئٹہ، سیالکوٹ (خصوصی رپورٹ)ایف آئی اے کمپوزٹ سرکل گوادر نے سمندر کے راستے غیر قانونی طور پر ایران جانے کی کوشش ناکام بناکر 24 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق یہ کارروائیاں جیوانی کے علاقے میں کی گئیں۔ترجمان نے بتایا کہ گرفتار افراد کا تعلق پنجاب کے مختلف اضلاع سے ہے، جن میں 12 افراد گوجرانوالہ، 3 راجن پور، 2 مظفر گڑھ جبکہ باقی 7 افراد کا تعلق سرگودھا، قصور، گجرات، سیالکوٹ، ساہیوال، ملتان اور رحیم یار خان سے ہے۔ایف آئی اے امیگریشن سیالکوٹ نے ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش کرنے والے 2 مسافروں کو گرفتار کرلیا۔ترجمان ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق ایف آئی اے نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے2 مسافروں محمد نفیس اور نبیل ادریس کی غیر قانونی طور پر یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی، مسافر فلائٹ نمبر ایف زیڈ316 کے ذریعے وزٹ ویزے پر کینیا جا رہے تھے اور ان کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے،مسافروں نے 40 لاکھ روپے ایجنٹ سے معاملات طے کئے۔