راولپنڈی سمیت پنجاب کے بیشتر شہر شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، اور سردیوں کی چھٹیاں ختم ہونے کو ہیں۔
آئندہ ہفتے سے تعلیمی ادارے کھلنے جا رہے ہیں، جس سے والدین تشویش میں مبتلا ہیں۔والدین کا کہنا ہے کہ اس شدید موسم میں بچوں کو صبح کے وقت اسکول بھیجنا مشکل ہے، اور کم عمر بچوں کی صحت کے لیے یہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے بھی آئندہ دنوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافے کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث سرد ہوائیں، دھند اور کم درجہ حرارت برقرار رہنے کا امکان ہے۔شہریوں اور والدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں میں چند دن کی اضافی چھٹیاں دی جائیں یا کم از کم اسکول کے اوقات کار میں نرمی کی جائے، تاکہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کی صحت اور حفاظت کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب تعلیمی اداروں کے کھلنے کے فیصلے پر نظرِ ثانی کے حوالے سے حکومتی سطح پر تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا، تاہم والدین اور اساتذہ کی جانب سے مطالبات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ شہریوں نے واضح کیا ہے کہ اگر سردی کی شدت برقرار رہی تو حکومت کو فوری اور مناسب فیصلہ کرنا ہوگا۔