کراچی کے علاقے بہادر آباد میں ایک گھریلو ملازمہ کے ذریعے 100 تولہ سونا چوری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد معلوم ہوا کہ ملزمہ عادی جرائم پیشہ ہے۔
پولیس کے مطابق ملازمہ اور اس کی ساتھی اس سے قبل چار مینار کے قریب ایک اور گھر سے بھی تقریباً 15 تولے سونا چوری کر چکی ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ چار مینار چورنگی کے قریب واردات کے دوران دونوں خواتین نے اپنے نام دلشاد اور نادیہ بتائے تھے۔ انہوں نے 10 سے 15 دن تک گھریلو ملازمت کی اور پھر پانچ تاریخ کو واردات انجام دے کر فرار ہو گئیں۔ اس واقعے کی ابتدائی اطلاع نیو ٹاؤن پولیس کو دی گئی تھی تاہم اس وقت مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
بعد ازاں بہادر آباد میں ایک اور متاثرہ خاندان نے دونوں ملازماؤں کی شناخت کر لی۔ پولیس کے مطابق چار مینار کے واقعے کے بعد دونوں خواتین نے محمد علی سوسائٹی میں بھی گھریلو ملازمت حاصل کی، تاہم وہاں بھی واردات کے بعد فرار ہو گئیں۔پولیس حکام کے مطابق دونوں ملزماؤں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ سوسائٹی کے سیکیورٹی گارڈز کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جلد ہی ملزمان کو گرفتار کر کے مزید انکشافات حاصل کیے جائیں گے۔