کراچی: گلستان جوہر بلاک 14 میں گھر میں چوری کی واردات کا مقدمہ درج کرلیا گیا.
گھر کے مالک کے مطابق گھریلو ملازمہ نے اپنی ایک ساتھی کے ساتھ مل کر مبینہ طور پر 7 تولے سونا اور نقدی چوری کی اور فرار ہوگئی۔ چوری کیے گئے سونے کی مالیت تقریباً 30 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق واقعے کا مقدمہ 9 اکتوبر کو گلستان جوہر تھانے میں گھر کے مالک عاطف محمود کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمے میں گھریلو ملازمہ بشریٰ اور اس کی نامعلوم ساتھی کو نامزد کیا گیا ہے۔مدعی مقدمہ کے مطابق 5 اکتوبر کو گھریلو ملازمہ بشریٰ معمول کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے گھر میں کام کرنے آئی۔ دوپہر سوا ایک بجے کے قریب اس کی ایک ساتھی بھی گھر پہنچ گئی۔ مدعی کے مطابق دونوں خواتین دوپہر ایک بج کر 25 منٹ پر گھر سے روانہ ہوگئیں۔گھر کے مالک نے اپنے بیان میں الزام عائد کیا کہ گھریلو ملازمہ نے کچھ دیر قبل اسے چائے دی تھی۔ چائے پینے کے بعد اسے نیند آگئی اور وہ شام تقریباً 8 بجے بیدار ہوا۔ اس کے بعد گھر کے سامان کی جانچ پڑتال کرنے پر معلوم ہوا کہ 7 تولے سونا اور نقدی غائب ہے۔
مدعی نے شبہ ظاہر کیا کہ گھریلو ملازمہ نے چائے میں مبینہ طور پر کوئی نشہ آور چیز ملائی تھی، جس کے باعث وہ سو گیا اور اسی دوران چوری کی واردات انجام دی گئی۔ تاہم، اس الزام کی تصدیق تحقیقات کے بعد ہی ہوسکے گی۔گھر کے مالک کے مطابق اس نے اپنی مدد آپ کے تحت گھریلو ملازمہ اور اس کی نامعلوم ساتھی کو تلاش کرنے کی کوشش کی، لیکن کامیابی نہ ملنے پر پولیس سے رجوع کیا اور مقدمہ درج کروایا۔پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد دونوں نامزد خواتین کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے مزید شواہد جمع کیے جانے کے بعد چوری کی واردات سے متعلق حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔