رسالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 روز قبل گھر سے 20 تولہ سونا چوری کرنے والی ملازمہ کو گرفتار کر لیا ہے، جس کے قبضے سے 6 تولہ سونا برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمہ کی شناخت آصفہ کے نام سے ہوئی ہے، جس نے 12 جون کو گھر میں صفائی کے دوران سونا چوری کیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ رسالہ میں درج کیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے چوری شدہ سونے میں سے ایک سیٹ فروخت کر کے 21 لاکھ 50 ہزار روپے حاصل کیے، جبکہ مزید 2 لاکھ روپے مالیت کا سونا بھی فروخت کیا گیا۔تحقیقات کے مطابق ملزمہ نے حاصل شدہ رقم سے مواچھ گوٹھ میں ایک گھر بھی خریدا، جبکہ کچھ سونا مبینہ طور پر ایک جیولر کے پاس امانتاً رکھا ہوا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمہ گزشتہ 6 ماہ سے متاثرہ گھر میں ملازمت کر رہی تھی اور اسے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے ذریعے گرفتار کیا گیا۔ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے اور پولیس کا کہنا ہے کہ برآمدگی اور ملوث دیگر افراد کے حوالے سے بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔