فیلڈ مارشل کی ترک صدر اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں‘دفاعی تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق

 ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی، عسکری روابط اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا‘ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا اعلیٰ عسکری اعزاز ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل  بھی عطا کیا گیا
ترک لینڈ فورسز ہیڈکوارٹر زکا دورہ‘ ترک بری فوج کے کمانڈر جنرل میتن توکل  سے ملاقات میں عسکری تربیت، پیشہ ورانہ تعاون اور دفاعی شعبے میں تجربات کے تبادلے پر گفتگو ‘ ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک  کے مزار انیت کبیر پر حاضری دی
انقرہ ( آن لائن ) پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر  نے ترکیہ کا اعلیٰ سطح کا سرکاری دورہ کیا، جہاں ترک قیادت نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دورے کے دوران صدر رجب طیب اردوان ، وزیر دفاع یاشر گولر اور ترکیہ کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتوں میں دوطرفہ دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی، عسکری روابط اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ  خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ترک مسلح افواج کا اعلیٰ عسکری اعزاز ڈسٹنگوشڈ سروس میڈل  بھی عطا کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے سرکاری دورہ  ترکیہ کے دوران انقرہ میں ترک قیادت کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور تاریخی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ  خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے دفاع، سکیورٹی اور عسکری تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترک وزیر دفاع  یاشر گولر  سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات، مشترکہ تربیتی پروگراموں، دفاعی صنعت میں تعاون اور خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ترک جنرل اسٹاف ہیڈکوارٹر آمد پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو گارڈ آف آنر  پیش کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ترک جنرل اسٹاف کے سربراہ جنرل سلچک بایراکتاراوغلو  سے ملاقات کی، جس میں پیشہ ورانہ عسکری تعاون، انٹیلی جنس روابط، مشترکہ مشقوں اور خطے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انقرہ میں ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک  کے مزار انیت کبیر پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور عظیم رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔