ناقص کارکردگی : تھانہ انچارجوں کی سرزنش،شوکاز نوٹس

مقدمات کی تفتیش میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی: ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید 
لاہور(کرائم رپورٹر)انویسٹی گیشن ہیڈکوارٹرز میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور محمد نوید نے اپنے دفتر میں کرائم میٹنگ کا انعقاد کیا،مختلف تھانوں کے انچارج انویسٹی گیشنز نے شرکت کی۔ ترجمان پولیس کے مطابق پینڈنگ اور زیر التواء مقدمات کی پراگرس رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،ناقص کارکردگی پر متعدد تھانوں کے انچارجوں کی سرزنش اور شوکاز نوٹس جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید کا کہنا تھا کہ فنانشل کرائم میں ملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں۔ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی افسران کو فنانشل کرائم کے مقدمات کے چالان جلد از جلد عدالتوں میں جمع کروانے کی ہدایات کی گئی۔ایس ایس پی محمد نوید نے مزید کہا کہ خواتین سے ظلم و زیادتی اور ہراسگی کے مقدمات کی تفتیش میں کوتاہی برداشت نہیں ہو گی،سنگین مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کو ہرصورت یقینی بنایا جائے،چالانی تناسب میں بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں،شواہد کی روشنی میں مضبوط چالان مرتب کر کے گنہگار کو سزا دلوائیں،میرٹ پر سمجھوتا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔