دھاتی ڈور اور پتنگوں کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن

دھاتی ڈور اور پتنگوں کے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف لاہور پولیس کا کریک ڈاؤن

وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور پولیس نے دھاتی ڈور اور پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا ہے۔

سی سی پی او ن بلال صدیق کمیانہ نے پتنگ بازی کے کاروبار سے منسلک افراد کے خلاف مہم کو مزید سخت کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دلائی جائے گی۔ انہوں نے پتنگوں اور دھاتی ڈور کی آن لائن خرید و فروخت پر کڑی نظر رکھنے کی بھی ہدایت کی۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق، حالیہ کریک ڈاؤن میں 33 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 32 مقدمات درج کیے گئے۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے 64 پتنگیں اور 26 چرخیاں برآمد کی گئیں۔اس سے قبل، پنجاب پولیس نے صوبہ بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 130 مقدمات درج کیے اور 155 افراد کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 2,000 سے زائد پتنگیں اور 129 دھاتی ڈور کی چرخیاں برآمد ہوئیں۔

رواں سال 2024 کے مجموعی کریک ڈاؤن میں اب تک 7,777 مقدمات درج کیے گئے ہیں اور 8,205 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 3,70,459 پتنگیں اور 17,687 ڈور چرخیاں برآمد ہوئیں۔ لاہور میں رواں سال کائٹ فلائنگ ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1,452 مقدمات درج کیے گئے اور 1,494 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 27,000 سے زائد پتنگیں اور 4,500 دھاتی ڈور و چرخیاں برآمد ہوئیں۔