دنیا کی اعلیٰ یونی ورسٹیوں کیساتھ روابط قائم کیے جائیں:احسن اقبال

 پاکستان کی بہترین 10 یونی ورسٹیوں کا پریمئر لیگ گروپ دنیاکی اعلیٰ یونی ورسٹیوں سے روابط قائم کرے
    اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی بہترین 10یونی ورسٹیوں کا پریمئر لیگ گروپ بنا کر دنیا کی اعلیٰ یونی ورسٹیوں کے ساتھ روابط قائم کیے جائیں۔وفاقی وزیر سے پاکستانی امریکی پروفیسر مدثر وائیں نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی، ایچ ای سی کے ڈائریکٹر کوالٹی اشورنس اور پلاننگ کمیشن کے ممبر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے شرکت کی۔مدثر وائیں کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی ہیں اور کوالٹی اشورنس میں امریکی بورڈ آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی سے تسلیم شدہ ہیں۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی اڑان پاکستان پروگرام کے تحت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ملکی ترقی میں شراکت کو سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2023میں ایچ ای سی اور برٹش کونسل کے تعاون سے پاکستانی یونی ورسٹیوں کے لیے کوالٹی اشورنس فریم ورک تیار کیا گیا، اعلیٰ تعلیم کے معیار کو پرکھنے اور بہتر بنانے کے لیے یہ فریم ورک مثالی ہے۔احسن اقبال کا مزید کہنا تھا کہ یہ فریم ورک پاکستانی تعلیمی نظام کی منفرد ضروریات کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، فریم ورک پر موثر عمل درآمد کی فوری ضرورت ہے۔