اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم کے کو آرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار نے ایم ڈی کیٹ ختم کرنے اور یونی ورسٹیوں کو ازخود داخلے دینے کی اجازت دینے کی تجویز پیش کر دی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کی میٹنگ گذشتہ روز پی ایم ڈی سی سیکرٹریٹ میں ہوئی جہاں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے صحت ڈاکٹر ملک مختار نے میڈیکل یونی ورسٹیوں کے لیے مشترکہ داخلہ ٹیسٹ ایم ڈی کیٹ ختم کرنے اوریونی ورسٹیوں کو ازخود داخلے دینے کی اجازت کی تجویز دی۔ ڈاکٹرملک مختارنے کہا کہ صوبائی میڈیکل یونی ورسٹیاں ایم ڈی کیٹ کی رجسٹریشن بھی خود کریں، پی ایم ڈی سی صرف نیشنل لائسنسنگ امتحان لے کر ڈاکٹروں کو لائسنس دے۔ کمیٹی اجلاس میں ممبران نے کہا کہ سپلیمنٹری اور امپروومنٹ والے طلبہ کو اس سال میڈیکل اور ڈینٹل کالجزمیں داخلے نہ دیں، سپلیمنٹری اور امپروومنٹ کا معاملہ پی ایم ڈی سی میں لیجائیں جبکہ یہ تجویز بھی دی گئی کہ طلبا کو صرف ان ہی کے صوبیکے ایم ڈی کیٹ میں بیٹھنیکی اجازت ہونی چاہیے۔