لاکھوں افراد بجلی سے محروم، ہزاروں پروازیں منسوخ، برطانیہ میں بھی شدید برفباری، سیلاب کا الرٹ برقرار
واشنگٹن؍لندن (آئی این پی )امریکا کی مشرقی اور جنوبی ریاستوں میں برفانی طوفان نے تباہی مچارکھی ہے ،مختلف حادثات میں 6افراد ہلا ک ہوگئے جبکہ لاکھوں افراد بجلی سے محروم اور ہزاروں پروازیں منسوخ کردی گئیں ، کنساس سٹی میں برفباری کا 32سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا ،درجہ حرارت منفی 10ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔واشنگٹن، میری لینڈ، ورجینیا، ویسٹ ورجینیا، کنساس، میسوری، کینٹکی اور آرکنساس میں ہنگامی الرٹ جاری کر دیا گیا۔امریکی میڈیا کے مطابق برف کے طوفان کے باعث 2لاکھ سے زیادہ افراد بجلی سے محروم ہو گئے جبکہ 2ہزار سے زائد پروازیں منسوخ اور 9ہزار تاخیر کا شکار ہو گئیں۔ادھر برطانیہ میں بھی شدید برفباری اور سیلاب کا الرٹ برقرار ہے۔ انگلینڈ اور ویلز میں سیلاب کی 500وارننگز جاری کی جا چکی ہیں، لنکن شائر اور لیسٹر شائر سیلاب سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔سیلاب کی وارننگ کے باعث یارک شائر، نارتھ ایسٹ سکاٹ لینڈ میں سکول بند کر دگیے گئے ہیں جبکہ متعدد ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں اور پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔