امریکا:جنوب مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان، الاباما میں 143سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا

 مختلف واقعات میں 4افراد ہلاک ،3200سے زائد پروازیں منسوخ ، برفانی طوفان کی وارننگ بھی جاری
واشنگٹن (آئی این پی )امریکا کی جنوب مغربی ریاستوں میں برفانی طوفان نے نظام زندگی درہم برہم کردیا۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوب مشرقی ریاستوں میں برفانی طوفان کی وجہ سے تیز ہوائیں چل رہی ہیں اور ریکارڈ توڑ برفباری ہورہی ہے جس کے باعث مختلف واقعات میں 4 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ برفانی طوفان کی وجہ سے ریاستوں میں 3200کے قریب پروازیں منسوخ اور سکول بند کردیے گئے جب کہ جنوب مشرقی ریاستوں میں 31ملین افراد کیلئے برفانی طوفان کی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق ہیوسٹن سے الاباما تک 3 سے 6 انچ تک برفباری ریکارڈ کی جاچکی ہے، نیو اورلنز میں 8 انچ جب کہ فلوریڈا میں برفباری کے ریکارڈ ٹوٹ گئے جہاں5.5 انچ تک برفباری دیکھی گئی۔ادھر الاباما میں بھی ایک دن میں برفباری کا 143 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جہاں 5 انچ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی۔اس کے علاوہ لوزیانا، جارجیا، الاباما، فلوریڈا، مسی سپی میں ہنگامی حالت نافذ ہے اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔