ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاک بھارت میچ سے متعلق فیصلہ کب ہوگا؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ: پاک بھارت میچ سے متعلق فیصلہ کب ہوگا؟ ممکنہ تاریخ سامنے آگئی

لاہور: آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کے حوالے سے آج کسی پیشرفت کا امکان نہیں ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان پاکستان کے بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ پر مذاکرات ہوئے، تاہم کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں بڑے بریک تھرو کا امکان ہے، اور اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کریں گے، جس کے بعد بھارت کے خلاف کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے آج یعنی 9 فروری تک فیصلہ کرنے کی ڈیڈ لائن دی ہے، تاہم پی سی بی ذرائع کے مطابق حتمی فیصلہ ممکنہ طور پر 12 فروری کو ہوگا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے حکومت پاکستان کی ہدایت پر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنے اور بھارت کے ساتھ میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا، جس کے پس منظر میں بنگلادیش کے ساتھ آئی سی سی کے مبینہ ناروا سلوک بھی اہم وجہ بنی۔