سری لنکا کرکٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے باضابطہ درخواست کی ہے کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں بھارت کے خلاف قومی ٹیم کے میچ کے بائیکاٹ کے فیصلے پر نظرثانی کرے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی کو خط لکھ کر آگاہ کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہائی پروفائل میچ منسوخ ہونے کی صورت میں سری لنکا کو بھاری مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سری لنکن بورڈ کا کہنا ہے کہ یہ میچ تجارتی لحاظ سے نہایت اہم ہے اور اس سے سیاحت سے متوقع آمدن بھی متاثر ہو سکتی ہے۔سری لنکا کرکٹ نے پی سی بی پر زور دیا کہ دونوں بورڈز کے دیرینہ تعلقات، غیر معمولی حالات اور کرکٹ کے وسیع تر مفاد کو مدنظر رکھا جائے۔ یہ پیش رفت پاکستان کی حکومت کے اس فیصلے کے بعد سامنے آئی جس میں قومی ٹیم کو بھارت کے خلاف کھیلنے سے روک دیا گیا تھا۔
ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی نے معاملے کو حل کرنے کے لیے پسِ پردہ رابطوں کا آغاز کر دیا ہے، اور آئی سی سی کے نائب چیئرمین عمران خواجہ کو پی سی بی سے بات چیت اور ثالثی کے کردار کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک روز قبل وفاقی کابینہ سے خطاب میں بھارت سے نہ کھیلنے کے فیصلے کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا گیا ہے۔