ایک ہفتہ کے دوران ہوٹل ،ملک،میٹ شاپس کو 4لاکھ 20ہزار جرمانہ کیا گیا
راولپنڈی (خصوصی رپورٹ) پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کی مختلف علاقوں میں فوڈ پوائنٹس کیخلا ف کارروا ئیاں جاری ،فروری کے پہلے ہفتے میں شہر بھر میں خوراک کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے 79 فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن کی جن میں ریسٹورنٹس، ہوٹلز، ملک شاپس اور گوشت کی دکانیں شامل تھیں۔ معائنے کے دوران 24 فوڈ پوائنٹس پر انتہائی ناقص صفائی، مضر صحت اور گندے تیل کے استعمال، فوڈ ہینڈلرز کے میڈیکل سرٹیفکیٹ کی عدم موجودگی سمیت دیگر سنگین خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 20 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔ یہ کارروائیاں مری روڈ، ڈھوک کھبہ، راجہ بازار، صادق آباد اور شہر کے دیگر مختلف علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔