شیٹ برانچ کے 2سینئر کلرک شامل، آئی جی کی جانب سے 10 ہزار الا ئونس فراہم
شہر میں تعینات اہلکاروں کونوازا جارہا تھا، تحقیقات کیلئے معطل کیا گیا، ایس ایس پی
شکارپور(خصوصی رپورٹ)شکارپور میں شیٹ برانچ کے دو سینئر کلرکوں سمیت 12 پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا، ایس ایس پی شاہزیب چاچڑ کی جانب سے جاری کئے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ معطلی کا فیصلہ اہلکاروں کے رویئے اور ممکنہ کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کے لیے کیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ کی طرف سے کچے کے علاقوں میں جاری آپریشن کے لیے 10 ہزار روپے الاؤنس دیا جا رہا ہے، تاہم الزام ہے کہ اس عمل میں شہر میں تعینات پولیس اہلکاروں کے نام شامل کر کے مبینہ طور پر انہیں نوازا جا رہا تھا۔ معطل اہلکاروں میں سینئر کلرک عمران علی ڈہر، سینئر کلرک انیس احمد، اسسٹنٹ خادم حسین مہر، جونیئر کلرک سلیم احمد بھٹو، توفیق احمد سومرو، عاشق علی، عبدالحمید بھٹو، اختیار علی ابڑو، نورالدین سنجرانی، عرفان احمد کمبوہ، مجید علی چنہ اور عامر احمد شیخ شامل ہیں، لیٹر کے مطابق سیریل نمبر 1 سے 4 تک اہلکاروں کو جنرل برانچ سے منسلک رکھا گیا ہے، جبکہ سیریل نمبر 5 سے 12 تک اہلکاروں کو پولیس لائنز شکارپور میں حاضر رہنے، تمام رول کالز میں شرکت کرنے اور افسران کی پیشگی اجازت کے بغیر ہیڈ کوارٹر نہ چھوڑنے کا پابند بنایا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق معطل اہلکاروں کے خلاف مختلف نوعیت کے الزامات سامنے آئے ہیں اور ان کے خلاف انکوائری کئے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، سینئر کلرک عمران علی ڈہر کی معطلی کے بعد ان کا چارج حاکم علی چنہ کے حوالے کر دیا گیا۔