دہلی گیٹ میں بسنت پروگرام‘عظمی بخاری نے غیرملکی مہمانوں کا استقبال کیا

وزارتِ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ بسنت بہار پروگرام میں فیملیز کی بڑی تعداد میں شرکت ‘گلوکاروں کی شاندار پرفارمنس
 وزیراعلیٰ مریم نواز نے قوم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں ‘ قوم ان کا شکریہ ادا کر رہی ہے:وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر )بسنت کے تیسرے روز شہرِ لاہور میں خوشیوں اور رنگوں کا سماں عروج پر رہا۔ دہلی گیٹ میں وزارتِ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ‘‘بسنت بہار پروگرام’’میں شہریوں، غیرملکی مہمانوں اور بیرونِ ملک سے آنے والی فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امریکہ اور برطانیہ سے آنے والی فیملیاں خصوصی طور پر بسنت منانے کے لیے دہلی گیٹ پہنچیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ بسنت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے شہریوں کے غیرمعمولی جوش و خروش کو دیکھتے ہوئے بسنت کی تقریبات کا وقت بڑھا کر کل صبح پانچ بجے تک کر دیا ہے۔تقریب کے دوران میوزک کنسرٹ نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔ معروف گلوکار ندیم عباس لونے والا اور گلوکارہ میگا نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔ ندیم عباس لونے والا نے اپنے گانوں سے سماں باندھ دیا اور شہری ان کی دھنوں پر بھنگڑے ڈالتے اور جھومتے رہے۔ ان کا شعر‘‘کوئی پتیاں گلاب دیاں صوبے تے ہور بوت نیں پر نئی ریسیاں پنجاب دیاں’’حاضرین میں خاصا مقبول رہا۔ دہلی گیٹ کی چھت اور ملحقہ عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے شہری بھی میوزک لائیو کنسرٹ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔عظمٰی بخاری نے کہا کہ آج صرف لاہور نہیں بلکہ پورا پاکستان لاہور میں بسنت منا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے قوم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کر کے عوام کے دل جیت لیے ہیں اور قوم ان کا شکریہ ادا کر رہی ہے