غیرملکی سفارتکاروں اور شوبز کے نامور ستاروں کی شرکت ،تہوار انجوائے کیا
نیٹلی بیکر پیلے رنگ کی شرٹ پہن کر بسنت منائی ،روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی
لاہور(کرائم رپورٹر )بسنت کے تیسرے روز دہلی گیٹ میں وزارتِ اطلاعات و ثقافت پنجاب کے زیرِ اہتمام منعقدہ‘‘بسنت بہار پروگرام’’میں شہریوں، غیرملکی مہمانوں اور بیرونِ ملک سے آنے والی فیملیز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ امریکہ اور برطانیہ سے آنے والی فیملیاں خصوصی طور پر بسنت منانے کے لیے دہلی گیٹ پہنچیں۔وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ بسنت اپنے عروج کو پہنچ چکی ہے۔تقریب کے دوران میوزک کنسرٹ نے شرکاء کو خوب محظوظ کیا۔ معروف گلوکار ندیم عباس لونے والا اور گلوکارہ میگا نے شاندار پرفارمنس پیش کی۔ ندیم عباس لونے والا نے اپنے گانوں سے سماں باندھ دیا اور شہری ان کی دھنوں پر بھنگڑے ڈالتے اور جھومتے رہے۔ ان کا شعر‘‘کوئی پتیاں گلاب دیاں صوبے تے ہور بوت نیں پر نئی ریسیاں پنجاب دیاں ’’حاضرین میں خاصا مقبول رہا۔ دہلی گیٹ کی چھت اور ملحقہ عمارتوں کی چھتوں پر کھڑے شہری بھی میوزک لائیو کنسرٹ سے لطف اندوز ہوتے رہے۔عظمٰی بخاری نے اس موقع پر کہا کہ الحمدللہ بسنت کامیاب اور محفوظ ترین انداز میں منائی جا رہی ہے اور عوام بھرپور انداز میں خوشیوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ دہلی گیٹ میں منعقدہ بسنت تقریبات میں لاہوریوں کے ساتھ غیرملکی سفارتکاروں اور شوبز انڈسٹری کے نامور ستاروں نے بھرپور شرکت کی اور خوشیوں کے اس تہوار کو خوب انجوائے کیا۔قائمقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر خصوصی طور پر بسنت منانے دہلی گیٹ لاہور پہنچیں، جہاں عظمٰی بخاری نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری جان مارک، قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز، صدف سعد، پولیٹیکل آفیسر جان سکیری اور سعد سرفراز نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ نیٹلی بیکر پیلے رنگ کی شرٹ پہن کر بسنت کے رنگوں میں رنگی نظر آئیں اور انہوں نے بسنت کی اجازت دینے پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ امریکی قائمقام سفیر کی لاہور کے روایتی کھانوں سے تواضع بھی کی گئی۔دوسری جانب کراچی اور بیرونِ ملک سے شوبز انڈسٹری کے معروف ستارے بھی بسنت منانے دہلی گیٹ پہنچے۔ اداکار یاسر حسین، میکال ذوالفقار، عدیل، محب مرزا، اداکارہ جگن کاظم، علی زرغون، فریال خان، اداکارہ گوہر اور اداکارہ آمنہ نے بسنت کی تقریبات میں شرکت کی اور لاہور کی رونقوں کو سراہا۔