شہری بسنت کا تہوار ذمہ داری کیساتھ منائیں ‘احتیاطی تدابیر پر عمل کریں عظمی بخاری

وزیر اعلیٰ  نے 25 سال بعد عوام کو بسنت جیسا خوبصورت تہوار منانے کا موقع فراہم کیا ‘ ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ سو فیصد مریم نواز کو جاتا ہے
عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکلوں پر 10 لاکھ مفت سیفٹی راڈز لگادیئے ہیں:وزیراطلاعات پنجاب کابیان  
لاہور(سپیشل رپورٹر)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے  مریم نواز نے 25 سال بعد عوام کو بسنت جیسا خوبصورت تہوار منانے کا موقع فراہم کیا ہے اور پنجاب کی ثقافت کی بحالی کا کریڈٹ سو فیصد مریم نواز کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بسنت کے دوران عوام کی حفاظت اور تہوار کی خوشیوں کو یقینی بنانے کے لیے تمام قواعد و ضوابط طے کر دیے ہیں۔عظمٰی بخاری نے بتایا کہ ٹریفک پولیس نے تقریباً 10 لاکھ سیفی راڈز مفت موٹرسائیکلوں پر نصب کر دیے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز سے متعلق مسلسل آگاہی مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروا رہی ہیں اور ڈور کے پنے، ہر پتنگ اور گڈے پر خصوصی کیو آر کوڈز بھی چسپاں کیے گئے ہیں۔ انتظامیہ کے پاس ڈور اور پتنگیں فروخت کرنے والے اور خریدنے والوں کا مکمل ڈیٹا ہوگا تاکہ کسی قسم کی خلاف ورزی نہ ہو۔بسنت کے تین دن کے دوران الیکٹرک بسیں، رکشے اور ٹیکسیز عوام کو مفت سفری سہولت فراہم کریں گے تاکہ شہری آسانی سے تہوار میں شرکت کر سکیں۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے قواعد و ضوابط پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔عظمٰی بخاری نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ بھی احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور بسنت کے فیسٹیول کو ذمہ داری اور شعور کے ساتھ منائیں۔