لاہور میں بسنت پر 3روزرکشے اور بسیں فری چلیں گی:عظمی بخاری

 وزیر اعلی خیبرپختونحوا کو خوش آمدید کہتے ہیں‘وہ بتیاں دیکھیں، روٹی کھائیں تصاویر کھینچیں ‘ جو کچھ پنجاب میں دیکھیں اسے کے پی میں جاکر لاگو کریں
 روٹی شوٹی کھانے اور تفریح کرنے کی مکمل اجازت ہے، انہیں بدزبانی فساد کرنے یا انتشار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، بدتمیزی کریں گے تو  ایکشن لیا جائے گا
لاہور(خصوصی رپورٹر) پنجاب حکومت نے بسنت کے سلسلہ میں چھ، سات اور آٹھ فروری کو لاہور میں بسیں اور رکشے فری چلانے کا اعلان کر دیا۔پنجاب حکومت کا لاہور میں بسنت سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں بسنت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اپنانے اور انتظامات کے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاہور میں تین روز کیلئے بسیں اور رکشے فری چلائے جائیں گے تاکہ لوگ کم سے کم موٹر سائیکل استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ تیس دسمبر سے ڈوراور پتنگوں سے متعلق مینوفیکچرنگ کی اجازت دے رہے ہیں۔دریں اثناء  عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لاہور دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے خبردار کیا ہے  اگر کسی قسم کی شر انگیزی یا بدزبانی کی تو پھر ایکشن لیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ کے پی کی لاہور آمد پر عظمی بخاری نے اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی کے پی کے لاہور آنے پر خوش آمدیدکہتے ہیں، پچھلی بار علی امین گنڈا پور لاہور آئے تھے تو بتیاں دکھائی تھیں۔وزیر اعلی کے پی بتیاں دیکھیں، روٹی کھائیں تصوریں کھینچیں اور جو کچھ پنجاب میں دیکھیں اسے کے پی میں جاکر لاگو کریں کیونکہ خیبرپختونخوا کابینہ خود کہتی ہے کہ پشاور گندا بہت ہے اور اس لیے وہ یورپ دیکھنے کے لئے لاہور آئے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کو دورہ کرنے کے دوران روٹی شوٹی کھانے اور تفریح کرنے کی مکمل اجازت ہے، یہ سیاسی یا معلوماتی تفریح کریں ان کو مکمل اجازت ہوگی، انہیں بدزبانی فساد کرنے یا انتشار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،  اگر یہ بدتمیزی کریں گے تو پھر ہاں جی ایکشن لیا جائے گا۔