ترقیاتی منصوبوں میں اصلاحات پر وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سٹیک ہولڈرز کی سٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود کروں گا‘اصلاحات کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے:وزیراعظم کی اجلاس میں شرکاء سے بات چیت
گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں، سولر پراجیکٹ پر فوری عمل درآمد کیا جائے: پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس کے دوران ہدایات
مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے ‘ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں:وزیراعظم کا عالمی دن پر پیغام
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے قومی اہمیت کے اہم منصوبوں کی شفافیت کے ساتھ بر وقت تکمیل ہماری ترجیح ہے‘ترقیاتی منصوبوں میں اصلاحات کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اسٹیک ہولڈرز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود کروں گا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ترقیاتی منصوبوں کے بروقت تکمیل کے حوالے سے لائحہ عمل پر اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قومی اہمیت کے اہم منصوبوں کی شفافیت کے ساتھ بر وقت تکمیل ہماری ترجیح ہے۔ وزیراعظم نے ترقیاتی منصوبوں کے مختلف مراحل میں اصلاحات کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں اصلاحات کے حوالے سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اسٹیک ہولڈرز کی اسٹیئرنگ کمیٹی کی صدارت خود کروں گا۔ ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اصلاحات میں معاونت پر وزیراعظم نے شراکت داروں، عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کا شکریہ ادا کیا ۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر اور گلگت بلتستان میں بجلی کے منصوبوں کی منظوری دیتے ہوئے کہاہے گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور معاشی ترقی، وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، گلگت میں صنعتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور معاشی ترقی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاور سیکٹر میں جاری اصلاحات پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گوادر پورٹ سٹی میں بجلی کی فراہمی میں درپیش مسائل کو ختم کرنے کیلئے جامع منصوبہ پر فوری عملدرآمد کی منظوری دے دی، انہوں نے ہدایت کی کہ گوادر پورٹ سٹی کو بلا تعطل، مناسب قیمت اور قابل بھروسہ بجلی کی فراہمی کے منصوبوں پر تمام متعلقہ ادارے ہم آہنگی سے کام کریں۔انہوں نے کہا کہ 100 میگا واٹ سولر پراجیکٹ سے گلگت بلتستان میں ماحولیاتی اعتبار سے صاف بجلی کی بلا تعطل اور مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جائے، انہوں نے خصوصی ہدایت کی کہ سولر پراجیکٹ پر فوری عمل درامد شروع کیا جائے۔علاوہ ازیں شہبازشریف نے کہا ہے مالی بدعنوانی ملکی ترقی، معاشرتی تنوع اور معیشت کی بنیادوں کو کمزور کرتی ہے اور عوامی اعتماد کو مجروح کرتی ہے‘مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے‘ بدعنوانی کے مضر معاشرتی اثرات کی حوصلہ شکنی اور بدعنوانی سے پاک معاشرہ تشکیل دینے کے اپنے عزم کی تجدید کریں۔ انسداد بدعنوانی کے عالمی دن 9 دسمبر 2025 پر پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ آج پاکستان اقوام عالم کے ساتھ ہم آواز ہو کر انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اس عزم کی تجدید کرتا ہے اور بدعنوانی کو ختم کرنے کے لئے جاری اقدامات کو مزید مؤثر بنائیں گے