100 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت‘ کام کی رفتار تیز کی جائے:اجلاس میں گفتگو
وزیراعظم نے وفاقی وزرا ء کو پارلیمنٹ میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں‘بجٹ پاس ہونے تک وزرا ء پارلیمان میں موجود رہیں گے،طارق فضل چودھری نے پیغام پہنچا دیا
اسلام آباد(آئی این پی‘آن لائن )وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شمسی توانائی منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد ازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان میں 100 میگا واٹ شمسی توانائی کے منصوبے پر جائزہ اجلاس ہوا جس میں متعلقہ حکام نے گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کے سولر منصوبے کے حوالے سے بریفنگ دی۔اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کیلئے 100 میگا واٹ شمسی بجلی کی فراہمی منصوبہ کے تمام تر اخراجات اٹھائے گی۔وزیراعظم نے منصوبے پر کام کی رفتار تیز اور منصوبہ جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور منصوبے کے تمام مراحل میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے غیر جانبدار تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کی ہدایت کی۔دریں اثناء وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا کو پارلیمنٹ میں اپنی حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں اور کہا ہے کہ وفاقی وزرا پارلیمنٹ میں اپنے دفاتر میں وزارتوں کے امور سر انجام دیں۔اطلاعات کے مطابق حکومتی جماعت کے چیف ویپ نے وزیروں کو بھی پارلیمنٹ میں رہنے کی درخواست کر دی ہے۔ طارق فضل چودھری نے وفاقی وزرا کو وزیراعظم کا پیغام پہنچا دیاجس میں کہاگیا ہے کہ اجلا س کے دوران وفاقی وزرا قومی اسمبلی اور سینیٹ اجلاسوں میں شرکت کریں بجٹ پاس ہونے تک وزرا پارلیمان میں موجود رہیں گے۔