گلگت بلتستان میں بحالی کیلئے4ارب دینے کافیصلہ آفات آئندہ بھی آتی رہیں گی،ہمیں تیاری کرنا ہو گی شہبازشریف

پاکستان موسمیاتی تبدیلی کا شکار 10 ممالک میں شامل ہے  ، موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں‘‘آفات سے نمٹنے کے لئے  یہاں ایڈوانس وارننگ سسٹم موجود ہونا چاہیے

 بارشوں اور سیلاب  سے جانی و مالی نقصانات پر افسوس ہے، وفاقی ادارے گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ  رابطے میں ہیں‘متاثرین کے گھروں میں دوبارہ آباد ہونے تک یہاں آتا ہوں گا:گلگت بلتستان میں تقریب سے خطاب‘چیک تقسیم
  اسلام آباد (آئی این پی )وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے  پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے، جہاں پر کلائوڈ برسٹ جیسی آفات آئندہ بھی آتی رہیں گی، چنانچہ اس کے لیے ہمیں تیاری کرنی ہے،موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات وقت کی ضرورت ہیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 4 ارب روپے کے فنڈز کا اعلان   کیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی، شہبازشریف نے متاثرہ افراد میں امدادی چیک تقسیم کئے۔گلگت بلتستان کے سیلاب زدگان میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کابینہ ارکان کے ساتھ گلگت بلتستان میں متاثر افراد سے اظہارہمدردی کیلئے آیا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مون سون بارشوں اور کلاڈ برسٹ سے تیز بارشیں اور طغیانی آئی، بارشوں اور سیلاب سے کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے اور املاک کو نقصان پہنچا۔وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو ہوں، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ جب تک آپ اپنے گھروں میں دوبارہ آباد نہیں ہوجاتے ہیں میں یہاں پر آتا رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دس ممالک میں شامل ہے، جہاں پر یہ آفات آئندہ بھی آتی رہیں گی، چنانچہ اس کے لیے ہمیں تیاری کرنی ہے، ہر سال ہم موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہو رہے ہیں، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور باقی صوبوں میں موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں،وفاقی حکومت اور گلگت بلتستان کی حکومت نے اس پر شبانہ روز کام کرنا ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ آفات سے نمٹنے کے لیے یہاں ایڈوانس وارننگ سسٹم موجود ہونا چاہیے، سات سال یہ منصوبہ کاغذوں میں ہے مگر اس پر کام نہیں ہوا، مگر اب جو ٹائم لائن دی گئی ہے اس میں ایک گھنٹے کا بھی اضافہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک نے 2022 کے دوران بھی سیلاب کی صورت میں قدرتی آفات کا سامنا کیا، موسمیاتی مسائل سے نمٹنے کیلئے متعلقہ اداروں کو مربوط اقدامات کرنا ہوں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کیلئے4ارب روپے کے فنڈز کا اعلان کرتا ہوں، انہوں نیکہا کہ وزیرمواصلات فوری طور پر انفرا اسٹرکچر کی بحالی کیلئے اقدامات کریں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گلگت بلتستان میں وفاقی حکومت کی جانب سے دانش اسکول قائم کیے جائیں گے، اس پر اربوں روپے کی لاگت آئے گی، یہ اخراجات نہیں بلکہ اپنے طلبہ پر سرمایہ کاری ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ اگست   کے آخرتک دوبارہ گلگت کا دورہ کروں گا، جب تک آپ اپنے گھروں میں آباد نہیں ہوتے میں آتا رہوں گا، 100 میگاواٹ کا سولرسسٹم منصوبہ رواں مالی سال مکمل ہو جائے گا۔