بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا‘ ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے: آئندہ بجٹ منصوبوں پر جائزہ اجلاس میں گفتگو
پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، خطے میں امن و استحکام کے لئے سفارتکاری اور مذاکرات ناگزیر ہیں :وزیراعظم کی نیول چیف سے ملاقات میں بات چیت
اسلام آباد(آن لائن‘آئی این پی)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں‘ پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں‘بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت رواں برس کے ترقیاتی بجٹ اور آئندہ مالی سال کے لئے ترقیاتی بجٹ (پی ایس ڈی پی) کے منصوبوں پر جائزہ اجلاس پیر کو اسلام آباد میں منعقد ہوا۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بجٹ فراہم کیا جائے گا‘ایسے ترقیاتی منصوبوں میں عوام کا پیسہ لگائیں گے جن کے نتائج یقینی ہوں‘پانی کے ذخائر اور پن بجلی کے منصوبے ترقیاتی بجٹ خرچ کرنے کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔وزیرِ اعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجراء اور اسکی مارکیٹ میں پزیرائی پر وزیرِ خزانہ کی تعریف کی ۔اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ریلوے، آئی ٹی اور وزارت پاور کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کی جائے‘پانی کے ذخائر کو بڑھانے کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی۔دریں اثناء شہبازشریف نے کہا ہے پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے ، خطے میں امن و استحکام کے لئے سفارتکاری اور مذاکرات ناگزیر ہیں جبکہ کشیدگی میں کمی کیلئے سیاسی اور سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے ملاقات کی، جس میں پاکستان نیوی سے متعلق پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں بحری دفاع، پیشہ ورانہ تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔د ریں اثنا وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں متحدہ عرب امارات کے براکہ نیوکلیئر پلانٹ پر ڈرون حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، انہوں نے تمام فریقین پر زور دیا کہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات ناگزیر ہیں جبکہ کشیدگی میں کمی کے لیے سیاسی اور سفارتی راستہ ہی واحد حل ہے۔