پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ کے لیے دوسری چیف آف آرمی اسٹاف انٹر کلب ہاکی چیمپیئن شپ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
چیمپیئن شپ کا مقصد پاکستان بھر میں ہاکی کے کھلاڑیوں کی تلاش اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ہے تاکہ مستقبل میں انہیں قومی ٹیم کا حصہ بنایا جا سکے۔یہ اعلان نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور کے لان میں پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد نے پریس کانفرنس میں کیا۔ انہوں نے بتایا کہ چیمپیئن شپ میں پاکستان بھر سے 800 کلبز حصہ لیں گے۔ کلبز کی رجسٹریشن کا عمل 10 دسمبر سے شروع ہو کر 15 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس کے بعد تمام صوبائی ہاکی ایسوسی ایشنز تین دن کی جانچ پڑتال کریں گی۔چیمپیئن شپ کے پہلے مرحلے کا آغاز 20 دسمبر سے ہوگا، جس میں ڈسٹرکٹ کلبز کے درمیان مقابلے ہوں گے۔
اس کے بعد ریجنل اور صوبائی سطح پر میچز منعقد ہوں گے۔ قومی سطح پر چیمپیئن شپ کے آخری مرحلے کا آغاز 3 فروری سے ہوگا، اور فائنل 15 فروری کو کھیلا جائے گا۔پی ایچ ایف کے سیکرٹری رانا مجاہد نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہاکی کے فروغ کے لیے اس چیمپیئن شپ کی سرپرستی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ چیمپیئن شپ انتہائی پیشہ وارانہ انداز میں منظم کی جائے گی، جس کا مقصد نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے لانا ہے تاکہ وہ قومی ٹیم میں شامل ہو سکیں۔پریس کانفرنس میں اولمپیئن آصف باجوہ، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان اور اولمپیئن انجم سیعد بھی موجود تھے۔