آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے آذربائیجان کے چیف آف جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور موجودہ عالمی و علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
جی ایچ کیو آمد پر کرنل جنرل کریم ولیئیف کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، اور انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی چڑھائی۔ ملاقات کے دوران کرنل جنرل کریم ولیئیف نے معرکۂ حق میں پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور کامیابی کو سراہا اور یومِ آزادی و فتح کی تقریبات کے موقع پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔آرمی چیف نے آذربائیجان کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا اور معرکۂ حق کے دوران پاکستانی عوام کی حمایت اور یومِ آزادی کی تقریب میں آذری دستے کی شرکت پر بھی اظہار تشکر کیا۔
اس موقع پر کرنل جنرل کریم ولیئیف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’پیٹریاٹک وار میڈل برائے خدمات برائے فوجی تعاون‘ عطا کیا۔ یہ اعلیٰ عسکری اعزاز صدر الہام علیئیف کی جانب سے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان عسکری تعاون میں شاندار خدمات کے اعتراف کے طور پر دیا گیا۔کرنل جنرل کریم ولیئیف نے دہشتگردی کے خاتمے میں پاکستان کی غیر متزلزل کوششوں کو سراہا اور دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے کے آذربائیجان کے عزم کو دہرایا۔ معزز مہمان نے پاکستان کی شاندار میزبانی اور آذربائیجان کیلئے مستقل حمایت پر بھی شکریہ ادا کیا۔