مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشترکہ تحریک چلانا قبل از وقت ہے، بیرسٹر گوہر

مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشترکہ تحریک چلانا قبل از وقت ہے، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مشترکہ سیاسی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ فی الحال قبل از وقت ہوگا، تاہم دونوں جماعتیں جوائنٹ اپوزیشن کا حصہ ہیں اور پارلیمانی سطح پر ایک ساتھ موجود ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی خواہش رہی ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ سیاسی اتحاد قائم ہو، تاہم موجودہ حالات میں ان کے ساتھ مشترکہ تحریک شروع کرنے کے حوالے سے فیصلہ کرنا ابھی مناسب نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ہونے والی ملاقاتوں کا مقصد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔ دونوں جماعتیں مشترکہ اپوزیشن میں شامل ہیں اور مختلف سیاسی معاملات پر مشاورت بھی جاری ہے، تاہم اس سیاسی ہم آہنگی کو باقاعدہ تحریک کی شکل دینے کے لیے ابھی وقت موزوں نہیں۔

جیل میں ملاقاتوں سے متعلق عدالتی فیصلے کا خیرمقدم
چیئرمین پی ٹی آئی نے جیل میں ملاقاتوں کے حوالے سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی حکم خوش آئند ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس مرتبہ عدالت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور ملاقاتوں کے معاملے میں عدالتی احکامات کی پاسداری کی جائے گی۔

بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان
بلدیاتی انتخابات سے متعلق پی ٹی آئی کے مؤقف پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے واضح کیا کہ پارٹی انتخابی عمل کا بائیکاٹ نہیں کر رہی بلکہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔