پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج انسدادِ کرپشن کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔
یہ دن اقوامِ متحدہ کی جانب سے پہلی بار اکتوبر 2003ء میں منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس کا مقصد دنیا کو کرپشن اور رشوت ستانی جیسے مسائل کے خطرناک اثرات کی طرف متوجہ کرنا اور ان کے خاتمے کے لیے اقدامات پر زور دینا ہے۔
2024 کا تھیم: "نوجوانوں کے ساتھ اتحاد"
رواں سال اقوامِ متحدہ نے انسدادِ کرپشن کے عالمی دن کا عنوان "بدعنوانی کے خلاف نوجوانوں کے ساتھ متحد ہونا، کل کی سالمیت کی تشکیل" رکھا ہے۔ اس تھیم کے تحت نوجوانوں کو کرپشن کے خلاف سرگرم کردار ادا کرنے کی ترغیب دی جا رہی ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک دیانتدار اور شفاف نظام تشکیل دیا جا سکے۔
اقوامِ متحدہ کی اپیل
اقوامِ متحدہ نے اس دن کی مناسبت سے عالمی حکومتوں اور اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ بدعنوانی کے خلاف اتحاد قائم کریں، ایک دوسرے کا ساتھ دیں، اور شفافیت کو فروغ دینے کے لیے مؤثر حکمت عملی اپنائیں۔
وزیراعظم پاکستان کا پیغام
انسدادِ کرپشن ڈے کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ بدعنوانی ایک گھناؤنا چیلنج ہے جس نے معیشت اور سماج دونوں کو نقصان پہنچایا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کرپشن کے خاتمے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں اور ایک ایسا پاکستان تشکیل دیں جہاں قانون کی حکمرانی اور سب کے لیے احتساب یقینی ہو۔یہ دن پوری دنیا میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے، شفافیت کے فروغ، اور ایک بہتر مستقبل کی تشکیل کے لیے عملی اقدامات کا عزم ظاہر کرتا ہے۔