وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی جرم کے ساتھ ساتھ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم بھی ہے۔
انہوں نے اظہار کیا کہ حکومتی اداروں میں شفافیت اور کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں معاشرے میں بدامنی اور مایوسی کم ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومتی امور میں شفافیت، کارکردگی میں بہتری اور سروس ڈلیوری کے نظام کی بہتری سے ملک کا عالمی سطح پر امیج بہتر ہوا ہے۔ خاص طور پر کے پی آئیز سسٹم نے حکومتی افسران کو مزید متحرک اور ذمہ دار بنایا ہے، جس سے عوامی خدمات میں بہتری آئی ہے۔
مریم نواز شریف نے مزید کہا کہ کرپشن صرف اخلاقی زوال نہیں بلکہ قوم کی ترقی کا بھی دشمن ہے، کیونکہ یہ قومی وسائل کو نقصان پہنچاتی ہے اور عوام کے اعتماد کو مجروح کرتی ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ہمیں اس عزم کی تجدید کرنی ہے کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے نیک نیتی اور ایمانداری سے کام کریں گے۔ حکومت مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھانے کو اپنی ترجیحات میں شامل رکھے گی۔