لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو چکا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 7 جبکہ زیادہ سے زیادہ 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ساتھ ہی ہلکی بوندا باندی کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔ شہر میں ہوا کا تناسب 3 کلومیٹر فی گھنٹہ اور ہوا میں نمی 84 فیصد تک ریکارڈ کی گئی ہے۔
لاہور: فضائی آلودگی بدستور خطرناک
لاہور فضائی آلودگی کے لحاظ سے آج بھی پاکستان میں پہلے اور دنیا میں تیسرے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 190 تک پہنچ گئی ہے، جو صحت کے لیے خطرناک ہے۔
وادی نیلم: برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ
وادی نیلم میں برفباری نے پہاڑوں کو برف کی سفید چادر اوڑھا دی ہے۔ رات گئے ہونے والی برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور درجہ حرارت منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، جس سے وادی کی خوبصورتی مزید نکھر گئی۔
بلوچستان: خشک موسم اور شدید سردی کا راج
بلوچستان میں موسم سرد اور خشک ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سردی برقرار رہے گی۔ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اور قلات میں منفی 6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔