پاکستان میں بارشوں اور سردی کی نئی لہر، لاہور اور کراچی میں فضائی آلودگی برقرار

پاکستان میں بارشوں اور سردی کی نئی لہر، لاہور اور کراچی میں فضائی آلودگی برقرار

محکمہ موسمیات کے مطابق، ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا، جبکہ بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

لاہور میں موسم خوشگوار اور دھوپ نکلی ہوئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 61 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور آلودہ شہروں کی فہرست میں پانچویں نمبر پر ہے، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) کی مجموعی شرح 182 ریکارڈ کی گئی ہے۔

کراچی میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔ آئندہ دو روز تک درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری کی کمی متوقع ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 15 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، کم سے کم درجہ حرارت 9 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 33 فیصد ہے اور شمال مشرق کی سمت سے 11 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔ کراچی کا فضائی معیار مضر صحت قرار دیا گیا ہے، ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں بائیسویں نمبر پر ہے۔

اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ مری، گلیات اور ان کے گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔ملک کے دیگر علاقوں میں بھی موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم کے مطابق احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔