پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے دنیا کے سب سے تیز بولر کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
یہ کارنامہ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں انجام دیا، جو برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا اور میزبان ویسٹ انڈیز کو مقررہ 50 اوورز میں 280 رنز تک محدود کر دیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے ایون لیوس، کپتان شائی ہوپ اور روسٹن چیس نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم پاکستان کی بولنگ نے حریف ٹیم کو ہدف کے قریب پہنچنے سے روک دیا۔شاہین شاہ آفریدی نے 51 رنز دے کر 4 اہم وکٹیں حاصل کیں جبکہ نسیم شاہ نے 55 رنز دے کر 3 کھلاڑی آؤٹ کیے۔ شاہین آفریدی نے صرف 65 ون ڈے میچز میں 131 وکٹیں حاصل کر کے عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ افغانستان کے راشد خان کے پاس تھا جنہوں نے 65 میچز میں 128 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے مضبوط بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 48.5 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 284 رنز بنا کر میچ جیت لیا۔ حسن نواز نے ناقابل شکست 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا اور فیصلہ کن چوکا شامل تھا۔ کپتان محمد رضوان نے 53 رنز بنا کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔اس فتح کے ساتھ پاکستان نے تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ دوسرا ون ڈے میچ اتوار کو اور تیسرا اور آخری میچ منگل کو برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کرے گا۔