فیفا کا شاہین شاہ آفریدی کو عالمی لیجنڈز کے برابر مقام، سوشل میڈیا پر زبردست خراج تحسین

فیفا کا شاہین شاہ آفریدی کو عالمی لیجنڈز کے برابر مقام، سوشل میڈیا پر زبردست خراج تحسین

فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں دنیا کے مشہور فٹبال اسٹارز کے برابر مقام دے دیا۔
فیفا کی جانب سے جاری کردہ سوشل میڈیا پوسٹ میں شاہین آفریدی کو لیونل میسی، نیمار جونیئر، اور لوکا موڈرچ جیسے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں کے ساتھ 'دی آئیکونک' (The Iconic) کا درجہ دیا گیا ہے۔

’نمبر 10‘ کی مشترکہ پہچان
فیفا کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کردہ پوسٹ میں کھیلوں کی دنیا کے ان لیجنڈز کو یکجا دکھایا گیا ہے جنہوں نے اپنے اپنے کھیل میں 'نمبر 10' کی جرسی پہن کر شہرت حاصل کی۔اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے شاہین آفریدی کو بھی اس پوسٹ میں شامل کیا گیا، جو کرکٹ میدان میں نمبر 10 کی شرٹ زیب تن کرتے ہیں۔

فیفا کی تحریر: "The Iconic"
فیفا نے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا:
"The Iconic – یہ وہ گلوبل اسپورٹنگ لیجنڈز ہیں جنہوں نے اس لیجنڈری نمبر کی جرسی پہنی ہے۔"یہ تحریر شاہین آفریدی کے عالمی سطح پر اثر و رسوخ اور مقبولیت کو تسلیم کرنے کا واضح ثبوت ہے۔

فیفا کی حکمتِ عملی: پاکستانی مداحوں کو فٹبال کی طرف راغب کرنا
ذرائع کے مطابق، فیفا کی اس پوسٹ کا مقصد پاکستانی مداحوں کی توجہ آئندہ فٹبال ورلڈکپ کی جانب مبذول کروانا ہے، تاکہ ملک میں فٹبال کے لیے دلچسپی بڑھے اور مداح عالمی مقابلوں میں زیادہ حصہ لیں۔

شاہین آفریدی کی پذیرائی پر عوامی ردعمل
فیفا کی اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر پاکستانی صارفین کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے، اور اسے پاکستان کے لیے ایک اعزاز قرار دیا جا رہا ہے کہ کرکٹ کا ایک نوجوان ستارہ عالمی فٹبال پلیٹ فارم پر نمایاں ہوا۔